کٹاریاں میں پانی 20 فٹ تک پہنچ گیا، قریبی آبادیوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت
لاہور،گوجرانوالہ ، دیگر علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ،دریاؤں کی صورتحال نارمل
راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور (خصوصی رپورٹ)ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب ، راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے سے قریبی آبادیوں میں پانی داخل ہوگیا، کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 16 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کردی۔ نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا کر شہریوں کو علاقے خالی کرنے کی ہدایت کی گئی۔تفصیلات کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے جڑواں شہروں میں شروع موسلادھار بارش پیر کی صبح تک جاری رہی، جس کے باعث راولپنڈی کے بیشتر نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ پیرودھائی ، ڈھوک کھبہ، صادق آباد، جاوید کالونی اور آریہ محلہ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ محلہ صفدرآباد میں شہریوں کا قیمتی سامان پانی کی نذر ہوگیا۔چکلالہ افضال ٹاؤن میں پانی گھروں میں داخل ہونے سے 5 افراد محصور ہوگئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا، جبکہ پیرودھائی میں بھی محصور 4 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔دریں اثناء نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور کناروں پر آباد شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ نالہ لئی پر نصب سائرن سسٹم خراب ہونے کے باعث قریبی آبادیوں کو بروقت خطرے سے آگاہ نہ کیے جانے کی شکایت سامنے آئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش اسلام آباد گولڑہ میں 146، راولپنڈی میں 140، منگلا میں 88، گجرات میں 38، سیالکوٹ سٹی میں 29، جہلم میں 24 اور گوجرانوالہ میں 14 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آزاد کشمیر کوٹلی میں 34 اور مظفرآباد سٹی میں 21 جبکہ خیبر پختونخوا کاکول میں 16، مالم جبہ میں 4 اور بلوچستان ڑوب میں 7 ملی میٹر بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، قصور، اوکاڑہ، مری، گجرات، حافظ آباد اور وزیرآباد سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے، راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے آئندہ پانچ روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ مون سون کا چھٹا سپیل 21 اگست تک جاری رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 20 اگست تک لاہور، گوجرانوالہ، مردان، پشاور اور دیگر علاقوں میں اربن فلڈنگ، جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی ہے۔ ادھر پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ پنجاب کے دریاؤں چناب ،جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے تاہم دریائے سندھ میں کالاباغ، تونسہ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ،اسی طرح نارووال کے نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے،تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 68 فیصد بھر چکا ۔