لاہور میں موسلا دھار بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں‘ بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ، لیسکو کے 260 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، متعدد علاقوں کی بجلی بند
اسلام آباد ‘ راولپنڈی ، قصور، پتوکی، گجرات، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، گوجرہ، سیالکوٹ، ڈسکہ، شکر گڑھ، نارووال، سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی شدید بارش ‘پانی گھروں میں داخل
لاہور، اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کے طوفانی سپیل کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہو کر رہ گیا، پنجاب بھر میں 24 گھنٹے کے دوران بارش اور آندھی سے 5 افرد جاں بحق ہوگئے۔موسلادھار بارشوں کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی بڑھ گیا۔لاہور میں تقریباً 8 گھنٹے بارش کے تاریخی اسپیل میں اوسطاً 136 ملی میٹر کا نیا ریکارڈ بن گیا‘ لاہور کے علاقوں لکشمی چوک، گڑھی شاہو، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، سمن آباد، ملتان روڈ، اقبال ٹاؤن، جیل روڈ، فیروزپورروڈ، کینال روڈ، اچھرہ، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، نشتر ٹاؤن، جوہرٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور کاہنہ سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔شہر میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا، لیسکو کے 260 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے اس کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے، قصور، پتوکی، گجرات، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، گوجرہ، سیالکوٹ، ڈسکہ، شکر گڑھ، نارووال، سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی شدید بارش ہوئی، جس سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔