کوٹ عبدالمالک کے قریب سیلاب سے متاثرہ علاقے سے مگر مچھ پکڑا گیا‘ راولپنڈی میں برساتی نالے بپھر نے سے پانی گھروں اور دکانوں میں داخل
لوئر چترال کے جغور گول نالہ میں سیلاب، کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع، 26 مکانات اور ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا‘آج بھی مختلف شہرو ں میں بارش کا امکان
لاہور‘راولپنڈی(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں ) لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی اور موسم خوش گوار ہوگیا جبکہ بارش کے باعث پنجاب بیوٹیفکیشن منصوبہ بارش کے پانی کی نذر ہوگیا ۔تفصیل کے مطابق مناواں، چوک ناخدا اور مغل پورہ کے علاقے میں بارش ہو ئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کا سسٹم موجود ہے‘ کوٹ عبدالمالک کے قریب سیلاب سے متاثرہ علاقے سے ایک مگر مچھ ریسکیو کرلیا گیا، مگر مچھ کونوائلڈ لائف بریڈنگ سنٹر کٹ والا فیصل آباد منتقل کر دیا گیا‘ راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے راولپنڈی کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے برساتی نالے بپھر جانے سے پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا جبکہ گرجا روڈ ملک کالونی کے قریب 6 سالہ بچہ حسین احسن برساتی نالے میں بہہ گیا‘مانسہرہ میں بوز بیلہ جبوڑی کے مقام پر دریائے سرن میں سیلابی ریلہ تین طالبات کو ساتھ بہا کر لے گیا ،دو طالبات کی نعشوں کو نکال لیا گیا ،تیسری طالبہ کو مقامی افراد نے زخمی حالت میں نکال کر زندہ بچالیا ۔ ‘ لوئر چترال کے جغور گول نالہ میں سیلاب کے باعث گائوں میں پانی داخل ہوگیا جس سے 26 مکانات اور ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔سیلاب میں ایک رابطہ پل بھی بہہ گیا اور کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جبکہ سیلاب سے قابل کاشت زرعی اراضی اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچا‘محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے محتلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے