لاہور میں ڈولفن پولیس نے ایک خاتون جیب تراش کو گرفتار کر لیا ہے، جو پبلک ٹرانسپورٹ میں شہریوں کو لوٹنے کے الزام میں ملوث تھی۔
ترجمان ڈولفن پولیس کے مطابق دورانِ پٹرولنگ شہری کی اطلاع پر ملزمہ کو فوری طور پر تحویل میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ بس میں سوار ہونے سے قبل معذوری کا ڈرامہ کرتی اور بزرگ شہریوں کو مدد کے بہانے قریب بلا کر واردات کرتی تھی۔ ایک واقعے میں بزرگ شہری محمود کی جیب اس دوران کٹ گئی، جس سے 70 ہزار روپے نقدی ملزمہ کے قبضے میں چلی گئی، جو بعد ازاں پولیس نے برآمد کر لی۔گرفتار ملزمہ شازیہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے چوکی فردوس مارکیٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس دیگر ممکنہ وارداتوں کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔