لاہور: گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو جھانسہ دے کر لوٹنے والے دو جعلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا، جبکہ واردات میں ملوث ان کا تیسرا ساتھی فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان آن لائن ایپ کے ذریعے شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے اور ملاقات کے بہانے مخصوص مقام پر بلاتے تھے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایک شہری نے اغوا اور زبردستی رقم منتقل کروانے کے واقعے پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے پولیس کو اطلاع دی۔متاثرہ شہری کے مطابق ملزمان نے اسے آن لائن ایپ کے ذریعے جھانسہ دے کر ملاقات کے لیے بلایا اور موقع پر خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اسے زبردستی گاڑی میں بٹھا لیا۔ بعدازاں ملزمان نے شہری کو خوفزدہ کرکے 31 ہزار روپے سے زائد رقم مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کروالی۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان نے متاثرہ شہری کے بھائی سے بھی ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے ذریعے رقم منگوائی۔ واردات کے بعد ملزمان شہری کو ملتان روڈ پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر گلشن اقبال پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج اور فیس ٹریسنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان حذیفہ عبداللہ اور حسن کو گرفتار کرلیا، جبکہ ان کا تیسرا ساتھی احمد تاحال فرار ہے۔پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی کرولا گاڑی بھی برآمد کرلی ہے۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ گلشن اقبال میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا بیان
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے شہریوں کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ آن لائن ایپس کے ذریعے نامعلوم افراد کے جھانسے میں آنے سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک صورتحال یا واردات کی صورت میں فوری طور پر پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔