لاہور: خواتین پر مشتمل جیب تراش گروہ گرفتار، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی

لاہور: خواتین پر مشتمل جیب تراش گروہ گرفتار، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی

لاہور میں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران خواتین پر مشتمل جیب تراش گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق غالب مارکیٹ پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے ایم ایم عالم روڈ سے دو خواتین کو حراست میں لیا، جو مبینہ طور پر ایک بوتیک میں واردات کی منصوبہ بندی کر رہی تھیں۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق گرفتار خواتین شاپنگ کے لیے آنے والی خواتین کے پرس، نقدی اور موبائل فون چرانے میں ملوث تھیں۔ پولیس کے مطابق ان خواتین نے چند روز قبل بھی اسی علاقے میں واقع ایک بوتیک میں واردات کی تھی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں انہیں فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان ثناء اور کنول ریکارڈ یافتہ ہیں، اور ان کے قبضے سے بلیڈ اور نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔ دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کے مطابق شہر میں جرائم کو کنٹرول کرنا اور شہریوں خصوصاً خواتین کی حفاظت یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔