محکمہ موسمیات نے 25 سے 27 جنوری کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش، گرج چمک، ژالہ باری اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
سردی کی شدت میں مزید اضافے کے باعث آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 26 اور 27 جنوری کو لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، تاہم دھند اور فضائی آلودگی میں کمی آنے کی توقع ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 83 سے 91 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی میں بھی یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں اور درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی یہ لہر جنوری کے اختتام تک برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم شہر کا فضائی معیار بہتر بتایا جا رہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، جہاں رات کے وقت درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ 26 جنوری کو بارش کا امکان ہے جبکہ دن کے وقت ٹھنڈی اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں شدید سردی اور جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5، قلات میں منفی 7، زیارت میں منفی 8 اور ژوب میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مانسہرہ اور وادی کاغان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ رک گیا ہے، تاہم پہاڑوں پر کئی فٹ برف پڑنے کے باعث شاہراہیں تاحال بند ہیں۔ وادی کاغان میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مرکزی شاہراہیں دوپہر تک بحال کر دی جائیں گی اور سیاحوں کو مکمل بحالی تک سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں شدید برفباری کے باعث عارضی نقل مکانی کرنے والے سیکڑوں افراد پھنس گئے تھے، جنہیں پاک فوج، ریسکیو ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران 100 سے زائد گاڑیوں کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو دن کے دوران ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ سردی کی اس نئی لہر کے باعث ملک کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب شدید سردی اور برفباری کے پیش نظر آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں تعلیمی ادارے دو دن کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اسکول پیر 26 جنوری کو دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔ آزاد کشمیر کے ہٹیان بالا، چوناری، چکوٹھی، لیپا ویلی، گنگا چوٹی، ارنگ کیل اور سرگان ویلی سمیت بلند پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، جبکہ نچلے علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔ شدید برفباری کے باعث نظامِ زندگی متاثر، متعدد سڑکیں بند اور کئی علاقے ایک دوسرے سے منقطع ہو گئے ہیں، جبکہ مختلف حادثات میں دو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔