ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان، بعض مقامات پر موسلادھار بارش و ژالہ باری کی پیشگوئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان، بعض مقامات پر موسلادھار بارش و ژالہ باری کی پیشگوئی

 آج رات بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں جبکہ پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

 اس دوران چند علاقوں میں تیز یا موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔جمعہ کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔خیبرپختونخوا کے اضلاع کرم، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، کرک، ہنگو، کوہاٹ، چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، صوابی اور چارسدہ میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں شدید موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، نورپور تھل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، پاکپتن، اوکاڑہ، قصور، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، تونسہ شریف، بھکر، لیہ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور، ساہیوال، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے علاقوں ژوب، موسی خیل، شیرانی، سبی، کوہلو، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، نصیرآباد، ہرنائی، لورالائی، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، مستونگ، قلات، پنجگور، تربت، کیچ، آواران، مکران کے ساحلی علاقے (گوادر، پسنی، اورماڑہ)، لسبیلہ، خضدار، خاران، چاغی اور دالبندین میں بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ شمال مشرقی اضلاع میں بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔سندھ کے اضلاع میرپورخاص، سانگھڑ، عمرکوٹ، نگرپارکر، تھرپارکر، دادو، قمبر شہداد کوٹ، کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، شہید بینظیر آباد اور نوشہروفیروز میں کہیں کہیں جبکہ کراچی، حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج اور 3 اپریل کے دوران شدید موسلادھار بارشوں کے باعث شمال مشرقی بلوچستان، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور زیریں خیبرپختونخوا کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں جیسے بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔