ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور ژالہ باری نے ہر طرف سفید چادر بچھا دی ہے، اور سوشل میڈیا پر خوبصورت مناظر کی ویڈیوز و تصاویر بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔
وادی سوات کے کالام میں برفباری تقریباً 3 فٹ ریکارڈ کی گئی، جبکہ پارچنار میں منفی 5، کالام میں منفی 4 اور مالم جبہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی اور وادی قدرت کے حسین مناظر پیش کر رہی ہے، جس کی وجہ سے سیاحوں کی آمد بھی شروع ہو گئی ہے۔بٹگرام اور اپر دیر میں بھی شدید برفباری سے موسم سخت سرد ہوگیا، اپر دیر میں برف کی مقدار تقریباً 2 فٹ بتائی گئی ہے۔ ہزارہ ایکسپریس وے پر شدید برفباری کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ضلع مردان کی تحصیل رستم اور مضافاتی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ اور فصلوں و میوہ جات کے باغات کو نقصان کا خدشہ ہے۔پشاور میں گزشتہ روز سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا، تاہم سردی کی شدت برقرار ہے اور درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ بارش کے بعد سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔