شہری ذہنی دبائو، پریشانی کی صورت میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 ڈائل کریں اور 7 دبائیں :ترجمان سیف سٹی
لاہور(کرائم رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیف سٹی نے ذہنی دبائو کے شکار افراد کیلئے "کونسلنگ سروس" کا آغاز کردیا ۔تفصیل کے مطابق پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ذہنی دبائو کے شکار افراد کے لئے مخصوص سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ ذہنی دبائو، پریشانی ، ناامیدی یا خودکشی کے خیالات کی صورت میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 ڈائل کریں اور 7 دبائیں۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق سیف سٹی متاثرہ شہری کا رابطہ ماہر اور سپیشلائزڈ سائیکالوجسٹ سے کانفرنس کال کے ذریعے فوری کروائے گا۔ ماہر سائیکالوجسٹ کی بروقت کونسلنگ سے قیمتی انسانی جانیں بچائی جا رہی ہیں۔سال 2025 میں خودکشی یا شدید ذہنی دبا سے متعلق 2327 کالز موصول ہوئیں۔ بروقت کونسلنگ، ماہر سائیکالوجسٹ اور پولیس کی بروقت مدد سے 2269 افراد کو خودکشی کرنے سے بچایا گیا