پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنے آپریشنز میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 9 لاکھ لیٹر سے زائد ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام بنادی ہے۔
یہ کارروائیاں بلوچستان کے مختلف علاقوں جیسے جیوانی، پسنی اور اوتھل میں کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے دوران دیگر اسمگلنگ کی اشیاء بھی برآمد کی گئیں، جن میں اعلیٰ معیار کی چرس شامل تھی۔ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق، گزشتہ 15 دنوں کے دوران، انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر، جنوبی بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کیے گئے، جس کے نتیجے میں 9 لاکھ 15 ہزار 440 لیٹر ایرانی ڈیزل ضبط کیا گیا۔ یہ ڈیزل ایرانی حدود سے غیر قانونی طور پر پاکستان میں اسمگل کیا جا رہا تھا۔اس کے علاوہ، اوتھل اور جیوانی سے 34.505 کلوگرام چرس بھی پکڑی گئی، جس کی اندرون و بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش کی جا رہی تھی۔ اس منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 0.57 ملین ڈالر کے قریب ہے۔ تمام ضبط شدہ منشیات کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی روڈ چیک پوسٹس پر بھی آپریشنز کیے، جس کے دوران 30.6 ملین روپے مالیت کی مختلف اشیاء کی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا۔ ان اشیاء میں گٹکا، چھالیہ، نسوار، ٹائر، الیکٹرانک سامان، غیرملکی کپڑے اور سگریٹ شامل ہیں۔پاکستان کوسٹ گارڈز کی یہ کامیاب کارروائیاں ملک میں اسمگلنگ کے خلاف جاری کوششوں کا حصہ ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات اقتصادی نقصان کو کم کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔