پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی، 151 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی، 151 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے بارڈر سے 151 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا ہے۔

 ان افراد کا تعلق مختلف ممالک سے تھا، اور وہ بغیر کسی قانونی دستاویزات اور راہ داری کے غیر قانونی طور پر پاکستان کے ذریعے سفر کر رہے تھے۔ یہ گرفتاری گزشتہ دو ماہ کے دوران عمل میں آئی، اور اس دوران ان افراد کی شناخت اور ملک کے قوانین کی خلاف ورزی کے بارے میں ابتدائی تفتیش کی گئی۔پاکستان کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ یہ تمام افراد غیر قانونی طریقے سے سفر کرنے کی کوشش کر رہے تھے، اور انہیں انسانی اسمگلنگ کے خدشات کے تحت گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کے بعد، ان 151 افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آئندہ بھی اس طرح کی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم کو روکا جا سکے اور وطن عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز نے اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔