ٹرمپ نے سابق صدر بائیڈن کی جانب سے لکھا گیا خط میڈیا کے سامنے پیش کردیا

واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سبکدوش صدر جو بائیڈن کی جانب سے وائٹ ہائوس کے اوول آفس میں ان کے لیے چھوڑا گیا خط میڈیا کے سامنے پیش کردیا۔امریکی میڈیا کے مطابق خط کے باہر 47نمبر لکھا تھا کیوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 47 ویں صدر ہیں۔خط کا آغاز ڈیئر پریزیڈنٹ ٹرمپ کے الفاظ سے کیا گیا اور کہا گیا کہ اس مقدس دفتر سے رخصت لیتے ہوئے میں آپ اور آپ کی فیملی کے لیے اگلے 4 برسوں میں نیک تمنائیں رکھتا ہوں۔بائیڈن نے اپنے خط میں لکھا کہ امریکی عوام اور دنیا بھر کے لوگ تاریخ کے ناگزیر طوفانوں میں اس دفتر کی طرف دیکھتے ہیں، میری دعا ہے آئندہ برسوں میں ہماری قوم کے لیے خوشحالی، امن اور وقار کے لمحات ہوں، خدا آپ کی رہنمائی کرے جیسا کہ خدا نے ہمارے ملک کے قیام سے اب تک ہماری قوم کو برکتیں دیں اور رہنمائی کی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق خط پر 20 جنوری 2025 کی تاریخ درج ہے جس روز بائیڈن نے عہدہ چھوڑا تھا اور صدر ٹرمپ نے عہدے کا حلف لیا تھا۔