بھارت کے انڈمان و نکوبار جزائر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تکنیکی خرابی کے باعث ایک ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا۔
خوش قسمتی سے بروقت ریسکیو آپریشن کے ذریعے تمام سات افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق، آج (منگل) صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر انڈمان و نکوبار جزائر کے قریب ایک ہیلی کاپٹر فنی خرابی کا شکار ہوگیا۔ یہ ہیلی کاپٹر، جو پاون ہنس کے زیر انتظام تھا، صبح تقریباً 8 بج کر 45 منٹ پر سری وجیا پورم سے مایابندر کے لیے روانہ ہوا تھا۔ پرواز کے دوران، تقریباً 9:30 بجے، فنی خرابی کے سبب پائلٹ کو مجبوراً پانی پر کنٹرولڈ کریش لینڈنگ کرنی پڑی۔ خوش قسمتی سے، اس حادثہ میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہیلی کاپٹر میں 2 عملے کے ارکان اور 5 مسافر سوار تھے، جن میں ایک بچے بھی شامل تھا۔ تمام افراد کو فوری طور پر ریسکیو کرکے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ سینئر سول ایوی ایشن حکام کا بیان ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممکنہ تکنیکی خرابی کے سبب پائلٹ نے پانی پر کنٹرولڈ لینڈنگ کی۔ واقعہ کی اصل وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔