کراچی کے علاقے گلستان جوہر موڑ کے قریب ایک عمارت کا پہلی منزل کا حصہ اچانک روڈ پر گر گیا، تاہم خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ریسکیو حکام کے مطابق فلیٹ نمبر اے 16 کا حصہ گریا، جو نیچے موجود دکانوں اور ایک بینک کے اوپر تھا۔پولیس کے مطابق، جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، دکانیں بند تھیں جبکہ بینک کا عملہ اندر محصور ہوگیا۔ عملے میں مردوں کے ساتھ خواتین اسٹاف بھی شامل تھے۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بینک کے عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کر لیا گیا۔
حکام نے بتایا کہ خوش قسمتی سے فلیٹ کے نیچے موجود دکانوں اور بینک کے عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔