اسلام آباد: شہباز شریف نے سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں 14 سعودی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے راس تنورہ میں پیش آنے والے حادثے پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، محمد بن سلمان، جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور سعودی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کے علاقے راس تنورہ میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلی کاپٹر سعودی آئل کمپنی سعودی آرامکو کی ملکیت تھا۔ حادثے کے بعد امدادی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیاں مکمل کیں، جبکہ متعلقہ تحقیقاتی اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔