پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نئی ٹیم منجمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اولمپئن خواجہ جنید کو قومی ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔
اس حوالے سے، ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کے سربراہوں نے فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی سے ملاقات کی۔ملاقات میں محی الدین وانی نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی صرف کھیل پر توجہ دیں اور ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل کے علاوہ باقی امور فیڈریشن خود سنبھالے گی، اور اچھے اور غلط فیصلوں کی ذمہ داری بھی لے گی۔
صدر نے یہ بھی بتایا کہ کھلاڑیوں کو ضروری مراعات فراہم کی جائیں گی، اور کسی قسم کا غیر ضروری دباؤ نہیں ڈالا جائے گا۔ علاوہ ازیں، پی ایچ ایف لاجسٹکس، کوآرڈینیشن اور دیگر آف فیلڈ امور کی ذمہ داری بھی فیڈریشن خود اٹھائے گی۔اس کے ساتھ ہی، فیڈریشن نے ہاکی کی نئی ٹیم منجمنٹ کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق خواجہ جنید کو قومی ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔