پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے پاکستان کے سابق قومی ہاکی کھلاڑیوں، اولمپئنز شہباز سینئر اور خواجہ جنید نے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دونوں ہاکی کھلاڑیوں نے کرکٹ کی طرح ہاکی کے سسٹم میں اصلاحات اور بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ شہباز سینئر اور خواجہ جنید کا کہنا تھا کہ جیسے پی سی بی نے کرکٹ کے سٹرکچر کو درست کیا ہے، اسی طرح ہاکی کے سسٹم کو بھی تیز رفتار اصلاحات کی ضرورت ہے۔ملاقات میں ہاکی کے کھیل کے فروغ کے لیے پائیدار بنیادوں پر اقدامات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اولمپئنز نے پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اصولی موقف کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی طرف سے کرکٹ کے سٹرکچر میں کی جانے والی اصلاحات سے متعلق اقدامات بہت مثبت ہیں، اور ان اقدامات کو ہاکی کے میدان میں بھی اپنانا ضروری ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور پاکستانی ہاکی ٹیم کا ماضی بہت شاندار ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہاکی کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
شہباز سینئر اور خواجہ جنید نے اپنے دورے کے دوران جرمنی اور نیدرلینڈ کے ہاکی کلبز کے بارے میں تفصیلات شیئر کیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے پی سی بی چیئرمین کو مارچ میں جرمن نیشنل جونیئر ہاکی ٹیم کے پاکستان کے دورے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ہاکی کے کھیل کی عالمی سطح پر ترقی کے لیے پاکستان میں اس کھیل کے سٹرکچر اور بنیادوں میں اصلاحات ضروری ہیں تاکہ ہاکی کو دوبارہ عالمی سطح پر مقبول بنایا جا سکے۔