لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آسٹریلوی بولنگ کوچ ایشلے نوفکے نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ایشلے نوفکے قومی ٹیم کے ساتھ بولنگ کوچ کے علاوہ معاون کوچ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے تھے۔ ان کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے بولنگ کوچ کی تقرری کے لیے باقاعدہ عمل شروع کر دیا ہے۔ایشلے نوفکے کی قومی ٹیم کے ساتھ آخری اسائنمنٹ ایشین گیمز میں مینز کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہوگی، جس کے بعد وہ پاکستانی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ نہیں رہیں گے۔دوسری جانب پی سی بی نے نئے بولنگ کوچ کی بھرتی کے لیے اشتہار بھی جاری کر دیا ہے۔ امیدوار کے لیے لیول تھری کوچنگ کورس مکمل کرنا اور کم از کم پانچ سال کا متعلقہ تجربہ رکھنے کی شرط عائد کی گئی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل ٹیسٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کو بھی لارڈز ٹیسٹ کے اختتام کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ یوں قومی ٹیم کے بولنگ کوچنگ سیٹ اپ میں ایک مرتبہ پھر تبدیلی سامنے آئی ہے۔