تاوان کیلئے تاجر اغوا

لاہور (کرائم رپورٹر) ستوکتلہ کے علاقے میں تاجر کے اغوا کا معاملہ سامنے آ گیا، اغوا کاروں نے اہلخانہ سے 15 لاکھ روپے تاوان طلب کر لیا جبکہ مغوی کی مبینہ فون کالز کی آڈیو ریکارڈنگ بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔پولیس کے مطابق مغوی کی شناخت رضوان عمر کے نام سے ہوئی ہے جنہیں پنجاب سوسائٹی سے گھر کے باہر سے اغوا کیا گیا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ملزمان ایلیٹ پولیس کی وردی میں ملبوس تھے اور خود کو سینئر افسر ظاہر کر رہے تھیمنظر عام پر آنے والی آڈیو ریکارڈنگ میں مغوی رضوان عمر اپنے بھائی جاوید کو فون کر کے 15 لاکھ روپے کا بندوبست کرنے کا کہتا ہے۔ مغوی کے مطابق پیسوں کا انتظام ہونے کے بعد دوبارہ کال کر کے بتایا جائے گا کہ رقم کس شخص کو اور کہاں پہنچانی ہے۔ اغوا کاروں کی جانب سے پہلے رقم کی ادائیگی کے لیے رات 9 بجے کا وقت دیا گیا، بعد ازاں اسے تبدیل کر کے 12 بجے کر دیا گیاآڈیو میں مغوی اپنے بھائی کو یہ بھی کہتا ہے کہ وہ رقم کے انتظام کے لیے اپنے دوستوں سے بھی مدد کی درخواست کرے۔واقعے کا مقدمہ ستوکتلہ پولیس نے مغوی کے بھائی جاوید کی مدعیت میں درج کر لیا ہے جبکہ مبینہ اغوا کاروں کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔