حافظ نعیم الرحمان کا رمضان کے بعد بڑی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان

حافظ نعیم الرحمان کا رمضان کے بعد بڑی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان

لاہور: جماعت اسلامی نے رمضان المبارک کے بعد ملک بھر میں بڑی احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی زیر صدارت منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس ہوا، جس میں عوامی حقوق کے لیے جاری تحریک اور ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا کو اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے بعد پہلے مرحلے میں مین شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے، اس کے بعد گورنر ہاؤس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا۔

حافظ نعیم الرحمان نے آئی پی پیز کے معاہدے میں تبدیلی کے باوجود عوام کو ریلیف نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بجلی کے بلوں اور پیٹرول کی قیمت میں بڑا ریلیف ملنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بدترین ہے، خصوصاً قبائلی علاقوں میں حالات زیادہ سنگین ہیں اور بلوچستان میں ہزاروں افراد لاپتہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ریاست خود آئین کو پامال کرے گی تو عوام کیسے آئین پر عمل کریں گے۔