عیدالاضحیٰ کے بعد وکلاء کے ساتھ مل کر عوامی مسائل پر تحریک شروع ہوگی:حافظ نعیم الرحمٰن کا اعلان

عیدالاضحیٰ کے بعد وکلاء کے ساتھ مل کر عوامی مسائل پر تحریک شروع ہوگی:حافظ نعیم الرحمٰن کا اعلان

حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے بعد وکلاء کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کے لیے ملک گیر تحریک شروع کی جائے گی اور اس حوالے سے وکلاء سے فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

رحیم یار خان میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں غریب طبقے پر بوجھ ڈال کر اشرافیہ کا نظام چلایا جا رہا ہے، جبکہ عدلیہ بھی عوام کو فوری اور مؤثر انصاف فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی نعرے اور چہرے بدلتے رہے ہیں لیکن ملک کا بنیادی نظام اب بھی وہی پرانا اور فرسودہ ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق جماعتِ اسلامی کسی بھی ذاتی مفاد پر مبنی سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بعض عناصر نے عالمی تنازعات، خصوصاً امریکہ اور ایران کے معاملے کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا، جبکہ جماعتِ اسلامی کا مؤقف ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتی ہے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آئندہ تحریک کا مقصد عوامی مسائل کو اجاگر کرنا اور نظام میں حقیقی اصلاح کے لیے دباؤ ڈالنا ہوگا۔