پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت 458 روپے فی لیٹر تک پہنچا دینا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے صرف پیٹرول مہنگا نہیں کیا بلکہ مختلف ٹیکسز میں اضافہ کر کے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور حالات کی تبدیلی کے لیے جدوجہد کریں۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوامی طاقت کے ذریعے حکمرانوں کو اپنے فیصلے واپس لینے پر مجبور کیا جائے گا اور جماعت اسلامی اس مسئلے پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی۔سیاسی مبصرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں احتجاجی سرگرمیوں میں تیزی آنے کا امکان ہے۔