ہارس اینڈ کیٹل شو کی اختتامی تقریب آج، مریم نواز میزبان، آرمی چیف مہمان خصوصی

ہارس اینڈ کیٹل شو کی اختتامی تقریب آج، مریم نواز میزبان، آرمی چیف مہمان خصوصی

آج لاہور میں جاری 16 روزہ ہارس اینڈ کیٹل شو کا آخری روز ہے، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق، اس ایونٹ میں 20 بڑے مقابلوں میں لاکھوں شہریوں نے شرکت کی، جس کے نتیجے میں اس شو کی رونق میں اضافہ ہوا۔ شو کے مختلف ایونٹس میں ہزاروں فیملیز نے بچوں کے ہمراہ شرکت کی، جس نے ایونٹ کو مزید دلچسپ اور یادگار بنا دیا۔اس ایونٹ میں 13 بین الاقوامی ٹیموں کے درجنوں غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں ترکی، دوبئی، باکو، یوکرین اور ایتھوپیا کے کھلاڑیوں نے بھی اپنے جوہر دکھائے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں نے ایونٹ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اس کی اہمیت کو سراہا۔لاہور میں پہلی مرتبہ شندور پولو کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا، جس سے شہریوں نے بھرپور لطف اٹھایا۔ اس کے علاوہ جیلانی پارک میں ہونے والے ڈاگ شو میں جرمن شیفرڈ سمیت دیگر اعلیٰ نسل کے کتوں نے عوام کی خاص توجہ حاصل کی۔

 نیزہ بازی کے مقابلوں میں غیر ملکی ٹیموں کی شرکت نے اس ایونٹ کو مزید دلچسپ بنا دیا۔ہارس اینڈ کیٹل شو کے دوران پنجاب کلچرل نائٹس میں نامور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، جبکہ گلگت بلتستان کی ثقافت پر مبنی کلچرل نائٹ بھی منائی گئی۔ شو میں دودھ دینے والے جانوروں کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے دو روزہ پھولوں کی نمائش کا اہتمام کیا جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ باغ جناح میں چلڈرن فیسٹیول بھی بچوں کی دلچسپی کا مرکز رہا، جب کہ جیلانی پارک میں میوزک اینڈ فوڈ فیسٹیول میں روایتی کھانے اور محافل کا اہتمام کیا گیا۔

اس کے علاوہ، سینکڑوں شائقین نے وینٹج کار شو اور فیملی سائیکلوتھن میں شرکت کی۔ مینار پاکستان میں رستم پنجاب دنگل کے سنسنی خیز مقابلے ہوئے، جبکہ لاہور فورٹ میں صوفی فیسٹیول میں نامور گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔اختتامی تقریب میں فلیم، ٹینٹ پیگنگ، ڈرون شو اور آتشبازی کے رنگا رنگ مظاہرے پیش کیے جائیں گے۔ سینکڑوں ڈھولچی اپنے فن کا منفرد مظاہرہ کریں گے، اور فن پہلوانی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے رستم پنجاب شو بھی پیش کیا جائے گا۔ معروف کوریوگرافر پنجاب کے روایتی کھیل پیش کریں گے، اور راحت فتح علی خان، عارف لوہار سمیت دیگر فنکار بھی اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔