پنجاب میں خصوصی تعلیم کا سنگِ میل , مریم نواز کے وژن تلے 5 ہزار سے زائد خصوصی بچوں کا داخلہ، مریم نواز آٹزم سکول کا آغاز

پنجاب میں خصوصی تعلیم کا سنگِ میل , مریم نواز کے وژن تلے 5 ہزار سے زائد خصوصی بچوں کا داخلہ، مریم نواز آٹزم سکول کا آغاز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت سپیشل ایجوکیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بتایا گیا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار انتہائی مختصر مدت میں 5 ہزار سے زائد خصوصی بچوں کے داخلے کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے معاونِ خصوصی ثانیہ عاشق اور سپیشل ایجوکیشن ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور واضح ہدایت دی کہ غریب اور مستحق بچوں کو "مریم نواز آٹزم سکول" میں مکمل طور پر مفت تعلیم اور تھراپی فراہم کی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دنیا بھر سے آٹزم کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور خصوصی بچوں کو ہمّت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سپیشل ایجوکیشن مراکز کے لیے 48 نئی بسوں کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔مریم نواز شریف نے اساتذہ، طلبہ اور اسٹاف کے یونیفارم و ڈیزائن کی منظوری کے ساتھ 13 رکنی بورڈ آف گورنرز اور آٹزم ریسورس سینٹر کے تین سالہ سٹریٹیجک پلان کی بھی منظوری دی۔معاونِ خصوصی ثانیہ عاشق نے اجلاس میں بتایا کہ مریم نواز آٹزم سکول میں ایک کسٹمائزڈ ایویڈنس بیسڈ ماڈل نافذ کیا جا رہا ہے جو عالمی سطح پر کامیاب ماڈلز پر مبنی ہے۔
سکول کے لیے ایک جامع فنکشنل گرین نصابِ تعلیم تیار کیا گیا ہے جس میں کمیونیکیشن، لائف اسکلز، اخلاقی تعلیم، ٹیکنالوجی، جسمانی تعلیم اور سماجیات شامل ہیں۔پاکستان کے پہلے آٹزم اسکول میں اوپن جم، واکنگ ٹریک، سنسری گارڈن، اور ساؤنڈ تھراپی سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔یہ ادارہ 3 سے 16 سال کے بچوں کو داخلہ دے گا، جبکہ طلبہ 22 سال کی عمر تک تعلیم و تھراپی حاصل کر سکیں گے۔مزید برآں، سکول میں سی سی ٹی وی سیکیورٹی سسٹم، چلڈرن ویلفیئر آفیسرز، ریسرچ اینڈ ٹیچر ٹریننگ ڈویژن، اور ڈپلومہ و سرٹیفکیٹ پروگرامز بھی شامل ہوں گے تاکہ اساتذہ کو جدید تربیت فراہم کی جا سکے۔