وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور میں 10 فروری 2025 سے شروع ہونے والا تین روزہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو لاہور میں 30 سال بعد ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔
اس میں 70 بین الاقوامی ٹیموں کی شرکت متوقع ہے، جو اس ایونٹ کو بین الاقوامی سطح پر اہمیت دے گی۔ شو کا افتتاح 9 فروری 2025 کو مریم نواز خود کریں گی، اور اس کا عنوان "اتحاد، ترقی اور ثقافت کی بحالی" ہوگا۔نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو پہلی بار 1964 میں منعقد کیا گیا تھا، اور اس کا آخری ایڈیشن 1995 میں ہوا تھا۔ اس ایونٹ میں کسانوں کو اپنے پالتو جانوروں اور مفید حیوانات کی نمائش کا موقع ملتا ہے، اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات دیے جاتے ہیں۔شو میں گھڑ سواروں کے لیے نیزہ بازی، تیر اندازی، بُزکشی اور پولو کے مقابلے ہوں گے۔ اس کے علاوہ، ثقافتی تہوار، پھولوں کی نمائش اور آرائش گُل کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔ 13 سے 23 فروری تک بچوں کے لیے کھیل اور تفریحی پروگرامز بھی ہوں گے۔ 14 سے 16 فروری تک موسیقی کے میلے ہوں گے، اور 19 فروری کو صوفی فیسٹیول کا انعقاد ہوگا، جس میں پنجاب کے صوفیوں اور بزرگوں کی تعلیمات کو فروغ دیا جائے گا۔ 18 اور 19 فروری کو روایتی کبڈی کے کھیل بھی ہوں گے اور 16 فروری کو نایاب گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے کار شو بھی منعقد کیا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ شو کسانوں اور پنجاب کے مختلف طبقوں کے لیے تحفہ ہے، جو پنجاب کی ثقافت اور زراعت کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ٹیموں کی شرکت سے ہارس اینڈ کیٹل شو کو اصل حالت میں بحال کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی زراعت، کسان کی ترقی، مہمان نوازی اور ثقافت کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے اور یہ میلہ پنجاب کے عوام کے اتحاد، ہم آہنگی اور یک جہتی کو بھی بڑھائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کی سربراہی میں ایک سٹیئرنگ کمیٹی قائم کی تھی، جس کی نگرانی میں پاکستان ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) گزشتہ چار ماہ سے اس ایونٹ کی تیاری کر رہی تھی۔