ساندہ روڈ:پنشنرز کی مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی

بڑھاپے میں پنشروں کی حق تلفی کر کے ظلم اور زیادتی کی جارہی :مقررین
لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستان پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام وفاقی و صوبائی محکموں، بینکوں، خود مختار اداروں، کارپوریشنز سے تعلق رکھنے والے پنشنروں اور صنعتی اداروں کے ای او بی آئی پنشنروں نے ساندہ روڈ پرگورنمنٹ ریٹائرڈایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن (گریوا) سندھ کے کفن پوش مظاہرین سے اظہار یکجہتی اور اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی جس کی قیادت مرکزی صدر چودھری محمد ارشد، سیکرٹری جنرل ریاض مسعود، چیئرمین پنشنرفورم طارق مسعودنے کی جبکہ ریلی میں قاسم چغتائی، قاضی محمد منشا ،احسان احمد، محمد الیاس کمبوہ،محمود احمد، میاں محمد اشرف، غلام مصطفیٰ ، پروفیسرمشکور احمد صدیقی، فقیر محمد،محمد اسلم سندھی،میاں محمد اشرف و دیگر نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا بڑھاپے میں پنشروں کی حق تلفی کر کے ظلم اور زیادتی کی جارہی ہے۔ہم عمر کے اس حصے میں پہنچ چکے ہیں کہ مختلف بیماریوں لاحق ہوچکی ہیں ،ہماری آدھی سے زائد پنشن ادویات کی خریداری میں لگ جاتی ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ گروپ انشورنس کی رقم بھی فوری طور پر ادا کی جائے جو ہمارا قانونی حق ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جتنی تنخواہ میں اضافہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کیا گیا پنشن میں بھی اسی شرح سے کیا جائے اور ہمارے بقایا جات بھی ادا کئے جائیں ورنہ لاہور میں بھی کفن پوش مظاہرے شروع کئے جائیں گے۔