ملازمین کا کل مطالبات کے حق میں ریلی نکالنے کا اعلان

 ریگولرائزیشن ایکٹ بحال ،کنٹریکٹ ملازمین کوریگولرکیاجائے :ایمپلائزالائنس 
لاہور(خصوصی رپورٹ ) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کے چیئرمین خالد جاوید سنگھیڑہ، یاسین وڑائچ، فائزہ رعنا، رانا انوار الحق، ضیا اللہ نیازی، رانا لیاقت، کاشف شہزاد، مختار گجر، شفیق گجر، زاہد رفیق ، میاں جہانگیر و دیگر نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے اساتذہ و ملازمین حکومتی ظالمانہ اقدامات پرسراپا احتجاج ہیں، غیر دانشمندانہ فیصلوں سے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر40 فیصدپنشن وگریجوایٹی اور لیو انکیشمنٹ میں بھی لاکھوں کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے یہ ملازمین کا معاشی قتل عام ہے جبکہ وفاق سمیت دیگر صوبوں میں پنشن وگریجویٹی میں ایسی ظالمانہ ترامیم نہیں کی گئیں ،30 فیصدڈسپیرٹی الائونس نہ دینا اور پنشن میں دو فیصدکمی ملازمین کش پالیسی ہے جسے پنجاب بھر کے ملازمین مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کل 4 نومبر کو پنجاب بھر کے اساتذہ و ملازمین اپنے معاشی استحصال، لیو انکیشمنٹ، پنشن وگریجوایٹی میں کمی کے ظالمانہ نوٹیفکیشنز اور ریگولرائزیشن ایکٹ کے خاتمے کیخلاف دن 11 بجے ناصر باغ لاہور سے پرامن احتجاجی ریلی نکالیں گے اور سول سیکرٹریٹ کے سامنے مطالبات منظور ہونے تک دھرنا دینگے۔ وزیر اعلٰی اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ ہیکہ ملازمین کش اقدامات کو واپس لیا جائے، اداروں کی آئوٹ سورسنگ بند کی جائے، ریگولرائزیشن ایکٹ بحال کیا جائے اور کنٹریکٹ ملازمین بشمول SSE، s/AEO، s کو غیر مشروط ریگولر کیا جائیاور 30 فیصد ڈسپیرٹی الائونس دیا جائے۔