شجاعت حسین قومی مفاہمت ، سفارشات تیار

ق لیگ کی سیاسی رابطہ کمیٹی کا پہلا اجلاس مختلف اہداف طے ،رابطے کرنے پر مشاورت ، رپورٹ شجاعت حسین کو پیش کی جائیگی 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) مسلم لیگ(ق) کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی جانب سے سیاسی درجہ حرارت میں کمی لانے اور تمام سٹیک ہولڈرز کو قومی ایجنڈا پر متفق بنانے کے لیے قائم کی گئی سیاسی رابطہ کمیٹی کا پہلا باقاعدہ اجلاس اتوار کے روز مسلم لیگ ہائوس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت کمیٹی کے وائس چیئرمین غلام مصطفی ملک نے کی جس میں اراکین ڈاکٹر محمد امجد، محمد رحیم اعوان، انتخاب خان چمکنی، طارق حسن اور رضوان صادق خان شریک ہوئے،جب کہ اجلاس کے حوالے سے کمیٹی کے چیئرمین میر نصیر خان مینگل سے بھی مشاورت کی گئی۔ پارٹی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کے پہلے باقاعدہ اجلاس میں سیاسی رابطے شروع کرنے پر مشاورت کی گئی،کمیٹی کا طریقہ کار وضع کیاگیااور مختلف اہداف طے کئے گئے، کمیٹی نے ملک میں جاری سیاسی تنازعات کے حل کے لیے تفصیلی مشاورت کی اور اپنی سفارشات مرتب کیں اور طے کیا کہ آئندہ اجلاس میں شجاعت حسین کو پیش کر دی جائیں گی، سیاسی کمیٹی نے پارٹی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور اس حوالے مزید اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا،سیاسی رابطہ کمیٹی کے وائس چیئرمین غلام مصطفی نے کہاکہ اجلاس میں مسلم لیگ کا اتحادی جماعتوں سے روابط کو مزید وسعت دینے کی تجویز دی گئی۔کمیٹی کے رکن اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ شجاعت حسین سمجھتے ہیں کہ اس وقت ملک کو درپیش مسائل کا واحد حل تمام سیاسی قوتوں اور سٹیک ہولڈرز کا آپس میں مل بیٹھنے میں ہے۔سیاسی رابطہ کمیٹی ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کرے گی اور ملکی استحکام کے لئے کردارادا کرے گی۔مسلم لیگ سندھ کے صدر طارق حسن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے آپس میں رابطوں سے ملکی مسائل کا حل نکلے گا اب سیاسی قائدین کو اپنی جماعتی پالیسی سے نکل کر قوم کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔