لاہور(آئی این پی )پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی جانب سے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے اور تمام سٹیک ہولڈرز کو قومی ایجنڈے پر متفق بنانے کے لیے قائم کردہ سیاسی رابطہ کمیٹی کا پہلا باقاعدہ اجلاس اتوار کو مسلم لیگ ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمیٹی کے وائس چیئرمین غلام مصطفی ملک نے کی، جس میں قومی مفامتی سفارشات تیار کی گئیں۔اجلاس میں اراکین ڈاکٹر محمد امجد، محمد رحیم اعوان، انتخاب خان چمکنی، طارق حسن اور رضوان صادق خان شریک ہوئے، جب کہ کمیٹی کے چیئرمین میر نصیر خان مینگل سے بھی مشاورت کی گئی۔پارٹی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق سیاسی رابطہ کمیٹی نے حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں سے مشاورت کے لیے ایجنڈا تیار کر لیا ہے۔ مصطفی ملک کے مطابق کمیٹی نے قومی مفاہمت کے لیے سفارشات مرتب کر لی ہیں اور چودھری شجاعت حسین کی اجازت کے بعد اپوزیشن جماعتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا سے ملاقاتوں کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نے اتحادی جماعتوں کو مزید وسعت دینے کی تجویز دی ہے اور ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ بزرگ سیاستدانوں سے بھی رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔