چین اور پاکستان خطے کی ترقی کیلئے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں، چینی کمپنیاں پاکستان میں فیکٹریاں لگائیں گی

عوامی مشکلات میں کمی ، معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن صدر زرداری

ہم نے سی پیک کی بنیاد رکھی ہے اور اسے کامیاب بنائیں گے، چین کی ہمارے خطے میں خاص دلچسپی ہے، سندھ حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں کام کیا، نئی یونی ورسٹیاں، کالجز اور ہسپتال بنائے گئے ہیں 
سندھ حکومت نے صحت اور تعلیم کی جانب خاص توجہ دی ہے، سیلاب زدگان کیلئے گھر بنائے ہیں،دیگر صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے،لاہورمیں عشائیہ سے خطاب ، انتظامیہ کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے پر زوردیا
 لاہور(آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے اور معاشی اشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔صدر آصف زرداری نے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی، تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، معروف بزنس مین گوہر اعجاز، اور نواب شہزاد سمیت متعدد اہم شخصیات شریک ہوئیں۔آصف علی زرداری نے خطاب میں ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی مختلف اصلاحات پر روشنی ڈالی اور انتظامیہ کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے پر زور دیا۔صدر مملکت نے اپنے حالیہ دورہ چین بارے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ میرا چین کا دورہ کامیاب رہا ہے اور ہم نے سی پیک کی بنیاد رکھی ہے اور اسے کامیاب بنائیں گے، چین اور پاکستان خطے کی ترقی کیلئے مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں اور چینی کمپنیاں پاکستان میں فیکٹریاں لگائیں گی۔چین کی ہمارے خطے میں خاص دلچسپی ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں کام کیا ہے اور سندھ میں نئی یونی ورسٹیاں، کالجز اور ہسپتال بنائے گئے ہیں، سندھ حکومت نے سیلاب زدگان کیلئے گھر بنائے ہیں اور دیگر صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔