کمپنیاں ایل پی پی جی درآمد کر کے اپنی ویب پر ریٹ لگائیں گی علی پرویز ملک

ایل پی جی پر چند لوگوں کا 50 سال سے گٹھ جوڑ ہے‘ مقامی ایل پی جی پر گٹھ جوڑ توڑا جائے گا‘گیس کی فراہمی  نیلامی کے ذریعے کریں گے
اوگرا ایل پی جی لائسنس دینے کا عمل شفاف بنائے گی‘ ایل پی جی سٹوریجز کا آڈٹ کرے گی تاکہ ذخیرہ اندوزی نہ ہو سکے:عطاء تارڑ کیساتھ پریس کانفرنس
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر پٹرولیم  علی پرویز ملک  نے کہا  عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نرمی رہی۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر اچھی خبر ملے گی‘وزیراطلاعات عطاء تارڑ کے ساتھ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا  وزیر اعظم کی ہدایت ہے کہ جہاں تک ہو سکے کمزور کا تحفظ کیا جائے۔ چند لوگ عوام کی مشکلات کا فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ چند عناصر نے ایل پی جی پر منافع خوری کی۔ شرارتی عناصر نے ایل پی جی پر لوگوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھایا۔ کوشش ہے کہ ملک میں دسمبر جنوری میں گیس کی فراہمی برقرار رکھیں۔ ایل پی جی کی مقامی کھپت 24 لاکھ ٹن سالانہ ہے۔ آدھی سے زیادہ ایل پی جی درآمد ہوتی ہے۔  ایل پی جی کے شعبے میں مسابقت لائیں گے۔ سستی سے سستی ایل پی جی فراہم کریں گے۔ پی ایس او اور سوئی سدرن کے ذریعے ایندھن کی بلک خریداری ہوگی۔ تمام کمپنیوں کو ہدایت دی جائے گی  مقامی ایل پی جی کی شفاف نیلامی ہوگی۔ ایل پی جی کی درآمد کو مسابقت کی بنیاد پر کھول رہے ہیں۔ پی ایس او، سوئی سدرن اور پاکستان ایل این جی لیمیٹڈ کو ایل پی جی درآمد کا کہہ دیا ہے۔ تمام کمپنیاں اپنی ویب پر ایل پی جی کا ریٹ لگائیں گی۔علی پرویز ملک نے کہا  ایل پی جی پر چند لوگوں کا 50 سال سے گٹھ جوڑ ہے۔ مقامی ایل پی جی پر گٹھ جوڑ توڑا جائے گا۔ مقامی ایل پی جی کی فراہمی آکشن کے ذریعے کریں گے۔ ایل پی جی کی 5 ٹن اور 10 ٹن کے حساب سے نیلامی کریں گے۔ ایل پی جی کے حوالے سے پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ بنائیں گے۔ مستحق لوگوں کو ایل پی جی پر بی آئی ایس پی کے ڈیٹا پر ریلیف دیں گے۔ اوگرا ایل پی جی لائسنس دینے کا عمل شفاف بنائے گی۔ اوگرا ایل پی جی اسٹوریجز کا آڈٹ کرے گا تاکہ ذخیرہ اندوزی نہ ہو۔ عالمی منڈی کے مطابق ایل پی جی کی 450 روپے فی کلو قیمت بنتی ہے