پاکستان نے خلا کو بھی تسخیر کرلیا ذیشان علی چینی ساتھیوں کیساتھ خلائی سٹیشن پر پہنچ گئے
روانگی کا منظر براہ راست دکھایا گیا‘شینزو 24 کامیابی سے چینی خلائی سٹیشن سے منسلک ہوگیا، خلا نورد ایک ہفتے تک خلا میں رہیں گے،مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے ‘صدر‘وزیراعظم ‘ فیلڈ مارشل کی قوم‘، سپارکو اور سائنسدانوں کو مبارکباد
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں‘ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں‘پاکستانی خلاباز ذیشان علی نے خلاء میں علامہ اقبال کا شعر پڑھا‘ساتھیوں کو چینی زبان میں پڑھ کر بھی سنایا‘مشن پر روانگی سے پہلے قوم کو سلیوٹ کیا
پاکستان کے سائنسی سفر میں ایک اہم سنگ میل اور باعث فخر لمحہ ہے، آصف علی زرداری‘مسلح افواج اور قومی اداروں کی مشترکہ کوششیں پاکستان کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہیں:شہباز شریف
بیجنگ،اسلام آباد،راولپنڈی(آئی این پی )چین کا خلائی مشن شینزو تیان گونگ 24 خلائی اسٹیشن پہنچ گیا۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شینزو 24 کامیابی سے چینی خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوگیا، خلائی مشن کے عملے میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان بھی شامل ہے، پاکستانی شہری چینی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیرملکی خلاباز بن گئے۔پاکستانی وقت کے مطابق خلائی مشن کی پرواز کا مرحلہ صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے خلائی مرکز سے شروع ہوا، ہزاروں کی تعداد میں چینی شہریوں نے خلائی مشن کی روانگی کو براہ راست دیکھا، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین میں پاکستان کے سفیر بھی اس یادگار لمحے کو دیکھنے کے لئے موجود تھے۔ تقریب میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز ہیں، وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔پاکستانی خلاباز ذیشان علی کے ہمراہ دو چینی خلا نورد بھی خلائی شٹل میں سوار ہیں، خلا نورد ایک ہفتے تک خلا میں موجود رہیں گے اور مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق شنزو 24 مشن کے دوران 90 سائنسی تجربات اورٹیکنالوجی ٹیسٹ انجام دئیے جائیں گے۔خلائی مشن پر روانگی سے قبل ذیشان علی کا پیغام میں کہنا تھا پاک چین دوستی کہکشاں تک پہنچ چکی ہے، ذیشان علی نے مشن کو پاکستان کے لئے عزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید مشترکہ خلائی مشن بھی ہوں گے۔ چینی حکام نے کہا ہے کہ ذیشان علی کیلئے حلال کھانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ذیشان علی نے خلا میں سفر کے دوران چینی ساتھیوں کو علامہ اقبال کا شعر چینی زبان میں سنایا‘۔دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پہلے خلائی مشن میں پاکستان کی تاریخی شرکت پر قوم کو مبارکباد دی۔اپنے تہنیتی پیغام میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ یہ ملک کے سائنسی سفر میں اہم سنگ میل اور باعث فخر لمحہ ہے، مشن سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کا عکاس ہے، خلائی تحقیق زمین پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی خلائی سفر پر روانگی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے آج ستاروں سے آگے کا سفر شروع کردیا، یہ صرف ایک خلاباز کا نہیں بلکہ چوبیس کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ یہ نوجوان نسل، سائنس دانوں اور قومی خوابوں کا سفر ہے۔ ذیشان اور خرم داد نے بیمثال محنت اور لگن سے تربیت مکمل کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا اگر آج ایک پاکستانی خلائی اسٹیشن پہنچ سکتا ہے تو کل چاند تک بھی پہنچے گا، کہا ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے‘پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، سروسز چیفس اور جنرل عامر رضا نے قوم، سپارکو اور پاکستانی سائنسدانوں کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہیکہ پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کی لانچنگ قومی سائنسی اور تکنیکی ترقی میں اہم سنگ میل ہے،ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے خلا باز اور چینی خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔ ان کا خلائی سفر پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج نے سپارکو کے سائنسدانوں، انجینئرز اور تکنیکی ٹیموں کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے، اس تاریخی کامیابی میں چین کی قیادت، حکومت اور عوام کے تعاون کو بھی سراہا ہے۔‘چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے چینی اور پاکستانی خلابازوں کی مشترکہ خلائی مہم دیرینہ اور گہری دوستی کی نمایاں مثال ہے۔غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق چین اور پاکستان کے صدور نے مشترکہ خلائی مشن پر مبارک باد کا تبادلہ کیا۔اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ چین، پاکستان اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کر خلا کے پرامن استعمال کو فروغ دینے اور خلائی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چینی اور پاکستانی خلابازوں کی مشترکہ خلائی مہم دونوں ممالک کی دیرینہ اور گہری دوستی کی نمایاں مثال ہے۔
تسخیر کرلیا