پاکستانی سکیورٹی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے تیار ہیں:چینی سفیرکی ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا اور زخمی چینی شہریوں اور ان کی فیملیز سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کی تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم ترقی اور سکیورٹی کو مربوط کرنے کے چینی تصور سے پوری طرح متفق ہیں، چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کیلئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔۔چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے پاک چین دوستی مسلسل پروان چڑھ رہی ہے اور عملی تعاون میں جامع پیش رفت ہوئی ہے، اس تناظر میں ایک محفوظ اور مستحکم تعاون کا ماحول انتہائی اہم ہے، چین دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور پاکستانی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے تیار ہے۔