چین کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، سی پیک کا پہلا مرحلہ بہت کامیاب رہا اب دوسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں:چینی نائب وزیر سن ہائی یان

 چین کیساتھ تعلق ہرحال میں غیرمتزلزل رہے گا شہبازشریف
پاکستان ایک چین پالیسی پر اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے:شہباز شریف کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان  سے ملاقات میں گفتگو‘چینی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت
 سی پیک کے دوسرے مرحلے میں مزید شراکت داروں کو آن بورڈ لینا ہوگا، دوسرا مرحلہ پیچیدہ ہے،  کامیاب بنانے کے  لئے کام کررہے ہیں، لوگوں کیلئے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں:چینی وزیر
پاکستان آسان خدمت مرکز سے عوام کو بے پناہ آسانیاں میسر آئیں گی، جدید ٹیکنالوجی آذربائیجان کی طرف سے ہمارے لئے تحفہ ہے‘سفارتخانوں میں کائونٹر بنائیں گے:وزیراعظم کا آسان خدمت مرکز کے افتتاح کے موقع پر خطاب
اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی کمونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان کا چین کے ساتھ تعلق ہر حال میں غیرمتزلزل رہے گا اور پاکستان ایک چین پالیسی پر اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان نے وزیراعظم ہاس میں ملاقات کی اور اس دوران وزیراعظم نے چینی مہمان اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ نہایت اہم موقع پر ہورہا ہے کیونکہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان فولاد کی طرح مضبوط اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی توثیق کی اور کہا کہ پاکستان کا چین کے ساتھ تعلق ہر حال میں غیر متزلزل رہے گا اور پاکستان ایک چین پالیسی پر اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم ہے۔اقتصادی تعاون پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے چین کی جانب سے پاکستان کے لیے فراخ دلانہ معاونت، بالخصوص پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت تعاون کو سراہا اور سی پیک کے اگلے مرحلے کے بروقت اور مثر نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کو اس سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا اور کہا کہ یہ سال دونوں ممالک کے لیے خصوصی اہمیت اور ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔چینی نائب وزیر سن ہائی یان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور آزمودہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے‘انہوں  نے کہا  چین کی ترقی  پاکستان کی ترقی ہے، سی پیک کا  پہلا مرحلہ  بہت کامیاب  رہا  اب  دوسرا  مرحلہ  شروع کر  رہے ہیں۔، ہمیں مزید شراکت داروں کو آن بورڈ لینا ہوگا، دوسرا مرحلہ پیچیدہ ہے، دوسرے مرحلے کو کامیاب بنانے کے  لئے کام کررہے ہیں، لوگوں کے لیے ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔  چینی نائب وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان میں انڈسٹریل پارک، اسکولز  بنائے، مزید پروجیکٹ  پرکام کر  رہے ہیں، پاکستان میں لوگوں کے لیے ملازمتوں کے نئے مواقع   پیدا کر رہے ہیں،  سب سے زیادہ 30 ہزار پاکستانی طلبہ اسکالر شپ پر چین میں ہیں، ہم پاکستان میں 100اسپتال بنا رہے ہیں، 80  ہزار  میڈیکل ڈیوائسز  دے  رہے ہیں، پاکستان میں نرسز اور ڈاکٹرز کو تربیت دے رہے ہیں۔

دریں اثناء وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے   خوش اخلاقی اور عوامی خدمت ترجیح ہونی چاہئے ،پاکستان آسان خدمت مرکز سے عوام کو بے پناہ آسانیاں میسر آئیں گی،  پاکستان آسان خدمت مرکز کیلئے آذربائیجان کے غیرمعمولی تعاون پر مشکور ہیں، جدید ٹیکنالوجی آذربائیجان کی طرف سے ہمارے لیے ایک تحفہ ہے۔وزیر اعظم نے ان خیالات کااظہار  پاکستان آسان خدمت مرکز کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے  کہا کہ  پاکستان آسان خدمت مرکز کیلئے ماسٹر ٹرینرز نے آذربائیجان سے تربیت حاصل کی ہے، ماسٹرٹرینرز خدمات فراہمی میں عوام کو بھرپور سہولت فراہم کریں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے دورے کے دوران باکو میں آسان خدمت مرکزکادورہ کیا، اپنے دورے کے دوران فیصلہ کیا کہ اس طرز کا ادارہ وفاقی دارالحکومت اور دیگر شہروں میں قائم کیا جائے۔وزیر اعظم نے کہا  یہ مرکز عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک شاندار اقدام ہے اور یہاں کے اسٹاف کی خوش اخلاقی، احترام اور خدمت کی اعلی خصوصیات شہریوں کے لیے ایک مثبت تجربہ ثابت ہوں گی۔بعدازاں شہباز شریف سے آسان خدمت مرکز اسلام آباد کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے آئے ہوئے آذربائیجان کے وفد نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ملک بھر میں وفاقی حکومت کی خدمات کو ایک چھت تلے فراہم کرنے کیلئے مزید آسان خدمت مراکز بنائے جائیں گے، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور حکومت کے معاونت میں شکرگزار ہیں، پاکستان میں حکومتی خدمات کے ایکو سسٹم کو یکسر بدلنے کیلئے کوشاں ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ مرحلے میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں آسان خدمت مرکز بنائے جائیں گے