ہماری قومیں ایمان اور مشترکہ تقدیر کے رشتے سے منسلک ہیں‘ آزمائش کی گھڑیوں میں ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی رہیں:چیئرمین سینیٹ
موجودہ عالمی نظامِ سلامتی شدید دبا ئوکا شکار ،خودمختاری و علاقائی سالمیت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں بڑھتی جا رہی ہیں:سردار ایازصاق
اسلام آباد (آن لائن‘آئی این پی)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار چیئرمین سینیٹ نے بطور خصوصی مہمان پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ کی تیسری سہ فریقی اسپیکرز میٹنگ کے دوران کیا۔ جس کا عنوان’’علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے پارلیمانی تعاون اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانا‘‘ تھا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہماری قومیں ایمان اور مشترکہ تقدیر کے رشتے سے منسلک ہیں۔ ہماری قومیں آزمائش کی گھڑیوں میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں، اور ہمارے تعلقات باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر استوار ہیں۔سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کا سہ فریقی تعاون ایک منفرد اور سٹریٹجک پارٹنرشپ ہے، جو صرف حکومتوں کے درمیان نہیں بلکہ عوام کی خواہشات اور پارلیمان کی آواز کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سہ فریقی شراکت حکومتوں کی نہیں، عوام کے دلوں کی ترجمانی ہے، تینوں ممالک کی دوستی اعتماد، محبت اور اخوت پر مبنی ہے۔ایاز صادق نے اس موقع پر ترکیہ اور آذربائیجان کے پارلیمانی وفود کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی نظامِ سلامتی شدید دبا ئوکا شکار ہے اور خودمختاری و علاقائی سالمیت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں بڑھتی جا رہی ہیں، غزہ میں دو سالہ ظلم و بربریت انسانیت کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔ دنیا کو اب خاموشی توڑنی ہوگی۔