وزیر اعظم آج آذربائیجان روانہ ہونگے ، ازبکستان بھی جائیںگے

 اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف آج پیر سے وسطی ایشیا کا اہم دورہ کریں گے ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج آذربائیجان کے دو روزہ دور ے پر روانہ ہونگے جبکہ 25اور 26فروری کو ازبکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔آذربائیجان اور ازبکستان کے دوروں میں، توانائی، دفاع، ، ٹرانسپورٹ، تجارت و سرمایہ کاری پر مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔دورہ آذربائیجان کے دوران 2 ارب ڈالرز کے تجارت و سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔وزیراعظم کو دورے کی دعوت آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے دی تھی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کابینہ کے دیگر ارکان بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔باکو میں وزیراعظم آذربائیجان کی کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔آذربائیجان میں وزیراعظم کی صدر الہام علئیوو اور آذربائیجانی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی آذربائیجان و ازبکستان کے دورے میں ٹرانس افغان ریلوے کوریڈور پر اہم بات چیت ہو گی۔وزیراعظم آذربائیجان میں بزنس فورم سے کلیدی خطاب بھی کریں گے۔