باہمی اقتصادی تعاون اورسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بزنس فورم ایک موثر پلیٹ فورم ہے،ازبک تاج تجاویز لائیں،بیوروکریسی کسی قسم کی رکاوٹ کا باعث نہیں بنے گی:وزیراعظم کا پا کستان ازبکستان بزنس فورم سے خطاب
ازبکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے لئے سازگار ماحول دستیاب ہے،صحت کے شعبے میں بھرپور تعاون کیا جائے گا، 2026باہمی تعاون پرمبنی شراکت داری کے فروغ کا سال ہوگا: ازبک صدر
اسلام آباد(آئی این پی) ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے پاکستان کے تاجروں کو 10 سال کے لئے ٹیکس استثنی دینے کا اعلان کیا ہے ۔پاکستان اور ازبکستان کے تجارتی حجم میں اضافے اور دونوں ممالک کے مابین کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے پاکستان ازبکستان بزنس فورم کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ازبکستان شوکت مرزائیوف نے شرکت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان ،ازبکستان کے شرکار کو خوش آمدید کہتا ہوں، دونوں ممالک میں اقتصادی تعلقات اورتجارتی روابط میں اضافہ خوش آئند ہے، نجی شعبوں کے درمیان 3ارب40کروڑڈالر کے سمجھوتوں پرعملدرآمد اہم پیشرفت ہے، گزشتہ بزنس فورم کی بدولت باہمی تجارتی سرگرمیوں میں خاطرخواہ اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا باہمی اقتصادی تعاون اورسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بزنس فورم ایک موثر پلیٹ فورم ہے، گزشتہ ایک سال میں 450ملین ڈالر کی تجارتی سرگرمیاں ممکن ہوئیں، دونوں ممالک میں باہمی تجارت کے مزیدفروغ کی صلاحیت موجود ہے، باہمی تجارت کا حجم2ارب ڈالرتک لیجانیپراتفاق ہوا ہے۔وزیراعظم نے آگاہ کیا کہ ازبکستان کے ساتھ سائنس، ٹیکنالوجی، توانائی، زراعت، ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔انہوں نے ازبک صدر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں ازبکستان کی مجموعی پیداوارگزشتہ10سال میں دوگنا ہوئی، ازبک قیادت نے85لاکھ افراد کو غربت سے نکالا،بیروزگاری میں کمی کی، ہم ازبک کمپنیوں کو سرمایہ کاری کا محفوظ اورپرکشش ماحول فراہم کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان ازبکستان میں پلانٹس لگانے کے خواہاں ہیں، ٹیکسٹائل پلانٹس سیدونوں ممالک کو معاشی فائدہ ہوگا، قدرتی وسائل،صحت،ٹرانسپورٹ اورسیاحت میں تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا، ازبکستان میں چاول اورآلو کی مانگ کو پورا کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ازبک تاجرحضرات تجاویز لائیں،بیوروکریسی کسی قسم کی رکاوٹ کا باعث نہیں بنے گی۔ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بھائی وزیراعظم شہبازشریف کی قائدانہ صلاحیتوں کا معترف ہوں، پاکستان اورازبکستان کے درمیان تعلقات کثیرالجہتی شکل اختیار کرچکے ہیں، بزنس فورم میں معاہدوں پرعملدرآمد سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ازبک صدر نے کہا کہ ازبک حکومت اورعوام پاکستان سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ممالک کے سرمایہ کاری ،تاجرایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہورہے ہیں، بزنس فورم اوردورے سے دونوں ممالک میں تجارتی تعاون کووسعت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آلات جراحی،ادویات کی تیاری میں تعاون فراہم کریں گے،ٹیکسٹائل میں پاکستانی سرمایہ کاروں کوسہولیات فراہم کی جائیں گی، ازبکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول دستیاب ہے۔ازبک صدر نے کہا کہ چین، کرغزستان اورازبکستان پراین ایل سی سے تجارتی سرگرمیاں قابل ستائش ہیں، پاکستانی تاجروں کو10سال کے لئے ٹیکس سے استثنی دیا جائے گا، صحت کے شعبے میں بھرپورتعاون کے لئے تیار ہیں، 2026باہمی تعاون پرمبنی شراکت داری کے فروغ کا سال ہوگا۔