بلوں سے افسروں کے نمبر ختم، صارفین کی شکایات کیلئے 118 پر رابطہ ضروری
لاہور (کرائم رپورٹر ) لیسکو میں میٹر ریورس کر کے بجلی چوری کرنے والے گینگ کے انکشافات کے بعد انتظامیہ نے ریورسر گینگ سے رابطے میں رہنے والے 10 سے زائد ملازمین کو معطل کرکے انکوائری کاآغٓازکردیا ۔ معطل ہونے والوں میں جاتی عمرہ سب ڈویڑن کے میٹر ریڈر عابد اور امتیاز، لائن مین ہارون، تاج باغ سب ڈویڑن کے میٹر ریڈر فاروق، مغل پورہ سے میٹر ریڈر شکیل، عامر ٹائون سب ڈویڑن کے میٹر ریڈر یونس اقبال، ایئر پورٹ روڈ سے ابوبکر، صحافی کالونی سب ڈویڑن کے میٹر ریڈر علی زیب اور عمران، ایس ڈی سی محمود بوٹی، شہزاد چھینہ، انارکلی سب ڈویڑن کے میٹر ریڈر کاشف، علی رضا آباد سب ڈویڑن کے میٹر ریڈر احمد اور مدینہ کالونی کے میٹر ریڈر یاسر شامل ہیں ۔ادھر لیسکو کے بجلی بلوں سے ایکسین اور ایس ڈی اوز کے موبائل نمبرز ختم کر دیے گئے ہیں اور اب بجلی بندش یا دیگر مسائل کی شکایات کے لیے صارفین کو کسٹمر سروس نمبر 118 پر رابطہ کرنا ہوگا جبکہ لیسکو نے تین ماہ سے زائد عرصے سے خراب میٹرز کی تبدیلی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ خراب میٹرز کی جگہ پرانے میٹرزکے ساتھ تبدیلی کی جا رہی ہے۔