انتظامیہ کی طرف سے روزانہ لاہور میں 700ٹن چینی کی سپلائی جاری
حکومتی چینی بلیک میں بیکریوں کوسپلائی جارہی :کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہو ر میں ہول سیل ڈیلرز اور چھوٹے دکانداروں کی ملی بھگت کے باعث چینی کی قلت ابھی تک برقرارہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاہور میں ہر روز 700ٹن چینی سپلائی کی جارہی ہے لیکن گلی محلوں میں چینی دستیاب ہی نہیں،شہر کے مختلف علاقوں میں چینی کی شدیدقلت کے باعث شہری سرکاری ریٹ پر چینی کو ترس گئے،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث چینی کی سپلائی میں گھپلے بھی سامنے آئے ہیں،لاہور کے علاقوں علامہ اقبال ٹائون،مسلم ٹائون،سمن آباد،شادمان، فیصل ٹائون، وحدت روڈ، منصورہ، ملتان روڈپر واقع کریانہ سٹورزپر چینی دستیاب نہیں ہے،لاہور کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ سے چینی سپلائی پر چیک لگانے کا مطالبہ کیا ہے،صدر لاہور کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن ثقلین طاہر بٹ نے کہا حکومتی چینی عام شہریوں کے بجائے بلیک میں بیکریوں کو سپلائی کی جا رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ ہول سیل ڈیلرز اور دکانداروں کو فراہم کی گئی چینی پہ چیک لگائے۔