کارٹیلائزیشن و ملی بھگت میں ملوث اداروں سے10کروڑ سے زائد جرمانے وصول

مسابقتی کمیشن نے عدالتوں میں زیرسماعت 73 مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا،32شوکاز نوٹس جاری کیے
اسلام آباد (آن لائن) مسابقتی کمیشن نے کارٹیلائزیشن اور ملی بھگت میں ملوث اداروں سے10کروڑ سے زائد جرمانے وصول کئے ہیں۔ مسابقتی کمیشن نے گزشتہ ایک سال کے دوران کارٹلائزیشن، ملی بھگت اور گمراہ کن مارکیٹنگ کرنے پر کاروباری اداروں کو 275 ملین روپے کے جرمانے عائد کیے، جبکہ مجموعی طور پر 100 ملین روپے کے جرمانے وصول کیے۔ کمیشن نے عدالتوں میں زیرسماعت 73 مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا۔ اس کے علاوہ، سی سی پی نے کھاد، رئیل سٹیٹ، تعلیم، پبلک پروکیورمنٹ اور فارماسوٹیکل کے شعبوں میں مسابقتی قانون کی ممکنہ خلاف ورزیوں پر 32 شوکاز نوٹس بھی جاری کیے ہیں کمیشن نے ٹرانسپورٹیشن، ٹیلی کمیونیکیشن، کنسٹرکشن اور ایف ایم سی جی سیکٹرز میں 7 نئی انکوائریاں بھی شروع کیں۔علاوہ ازیں مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے اپنے مارکیٹ انٹیلی جنس یونٹ کو بھی فعال کیا، جس نے جدید تجزیاتی طریقہ کار اپناتے ہوئے تقریباً 200 مسابقت مخالف طریقوں کی نشاندہی کی ہے۔