لاہور میں ہر روز 700ٹن چینی سپلائی ، گلی محلوں میں دستیاب ہی نہیں
انتظامیہ ہول سیل ڈیلرز اور دوکانداروں کو فراہم کی گئی چینی پہ چیک لگائے:شہری
لاہور (آئی این پی ) لاہو ر میں ہول سیل ڈیلرز اور چھوٹے دوکانداروں کی ملی بھگت کے باعث چینی کی قلت ابھی تک برقرارہے ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لاہور میں ہر روز 700ٹن چینی سپلائی کی جارہی ہے لیکن گلی محلوں میں چینی دستیاب ہی نہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں چینی کی شدیدقلت کے باعث شہری سرکاری ریٹ پر چینی کو ترس گئے،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چیک اینڈ بیلنس نا ہونے کے باعث چینی کی سپلائی میں گھپلے بھی سامنے آئے ہیں،لاہور کے علاقوں علامہ اقبال ٹائون،مسلم ٹائون،سمن آباد،شادمان، فیصل ٹائون، وحدت روڈ، منصورہ، ملتان روڈپر واقع کریانہ سٹورزپر چینی دستیاب نہیں ہے۔ اہور کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ سے چینی سپلائی پر چیک لگانے کا مطالبہ کیا ہے،صدر لاہور کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن ثقلین طاہر بٹ کاکہناہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور میں ہر روز سات سو ٹن چینی سپلائی کر رہی ہے، دوکانداروں کو چینی کی سپلائی کے باوجود شہری چینی کو ترس رہے ہیں،اس لئے ضلعی انتظامیہ ہول سیل ڈیلرز اور دوکانداروں کو فراہم کی گئی چینی پہ چیک لگائے،حکومتی چینی عام شہریوں کی بجائے بلیک میں بیکریوں کو سپلائی کی جا رہی ہے۔