بارش و برفباری کے بعد موسم خوشگوار، آئندہ دنوں میں سردی اور دھند برقرار رہنے کا امکان

بارش و برفباری کے بعد موسم خوشگوار، آئندہ دنوں میں سردی اور دھند برقرار رہنے کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے۔

 میدانی علاقوں میں دھند جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

لاہور میں آج صبح موسم خوشگوار رہا، درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں فضائی آلودگی میں بھی بہتری آئی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس 162 تک آ گیا ہے، تاہم بعض علاقوں میں آلودگی کی سطح اب بھی زیادہ ہے۔

اسلام آباد، مری اور گلیات میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے کئی شہروں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بالائی اور شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی نیلم اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث سردی میں اضافہ ہو گیا ہے، بعض مقامات پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے ریکارڈ کیا گیا۔ماہرینِ صحت نے سردی اور دھند کے دوران احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔