آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان، کئی علاقوں میں شدید دھند کی پیش گوئی

آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان، کئی علاقوں میں شدید دھند کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا امکان ہے۔

 پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ خطۂ پوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔لاہور میں دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے جس سے ٹریفک اور روزمرہ معمولات متاثر ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں دو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جس کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں تاہم دھند اور سردی میں کمی متوقع نہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ 16 جنوری سے مغربی ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے بعد لاہور سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے اور درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ تک گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ سرد موسم کے ساتھ ساتھ شہر کا فضائی معیار بھی تشویشناک حد تک خراب ہو گیا ہے۔ عالمی ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی اس وقت دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر ہے۔ ماہرین کے مطابق فضا میں آلودہ ذرات (PM) کی مقدار 182 ریکارڈ کی گئی ہے جو انسانی صحت کے لیے مضر ہے۔

ملک کے شمالی علاقوں میں گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ آج کم سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 13، لہہ اور استور میں منفی 11، گوپس میں منفی 9 اور گلگت میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دیگر شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت اسلام آباد 0، کوئٹہ منفی 1، مری منفی 1، لاہور 2، کراچی 8، سکھر 3، مٹھی 0، پشاور 1 اور مظفرآباد میں 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔