شہر میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کم رفتار ہواؤں کے باعث حبس اور گھٹن کی کیفیت برقرار ہے۔
شدید نمی کے باعث شہریوں کو گرمی کی شدت معمول سے زیادہ محسوس ہو رہی ہے اور روزمرہ معمولات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا امکان موجود ہے، جس سے موسم میں بہتری آنے اور درجہ حرارت میں کمی کی توقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کی صورت میں حبس میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو گرمی سے وقتی ریلیف ملے گا۔محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت شہر کا درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں اس وقت 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور موسم کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ متعلقہ اداروں کو بھی ممکنہ بارش کے پیش نظر نکاسیٔ آب سمیت دیگر انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔