شیخ فیصل نعمان نے 25 سال تک مسجد نبوی میں اذان دی‘ والد اور دادا بھی یہ خدمات انجام دیتے رہے
شیخ فیصل نعمان کی نماز جنازہ فجر میں ادا کی گئی ‘ تدفین مدینہ منورہ کے تاریخی جنت البقیع قبرستان میں کی گئی
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)مسجد نبوی میں اللہ کے مہمانوں کو عبادت کے لیے آواز دینے والی رقت آمیز اور پْرسوز آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی۔عرب میڈیا کے مطابق 25 سال سے اذان دینے کی سعادت حاصل کرنے والے شیخ فیصل نعمان خالق حقیقی سے جاملے۔ انھیں 2000 میں باضابطہ طور پر موذن مقرر کیا گیا تھا۔اذان دینا شیخ فیصل نعمان کے لیے محض ایک ذمہ داری نہیں بلکہ خاندانی وراثت تھی ان کے دادا اور والد دونوں مسجد نبوی میں موذن کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ان کے والد کم عمری میں ہی اس عظیم منصب پر فائز ہوئے اور 90 برس سے زائد عمر تک مسجد نبوی میں اذان دیتے رہے بعد ازاں یہ سعادت شیخ فیصل نعمان کو نصیب ہوئی۔شیخ فیصل نعمان کی نماز جنازہ فجر میں ادا کی گئی اور تدفین مدینہ منورہ کے تاریخی جنت البقیع قبرستان میں کی گئی۔مسجد نبوی کی انتظامیہ نے ایک جذباتی پیغام میں ان کی آخری اذان بھی شیئر کی جو انھوں نے 2 نومبر کو دی تھی اور یہی اذان ان کی زندگی کی آخری پکار ثابت ہوئی۔