اسلام آباد (آئی این پی) ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت ای سی سی نے فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کی منظوری دے دی۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ حکومت اس سفر میں مزید تیزی لا رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مالیاتی اور ڈیجیٹل شمولیت میں اسپیکٹرم کا بہت بڑا کردار ہے جب کہ جن اسپیکٹرم کی نیلامی نہیں ہو سکی، وہ ایک لحاظ سے ملک کے لیے مالی نقصان ہی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ اسپکٹرم ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات کو جلد کابینہ میں لے جائیں گے، ٹیلی کام سیکٹر سمیت دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت یقینی بنائی جائے گی، اسپکٹرم نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی اسپیڈ عالمی معیار کے مطابق نہیں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے 6 ماہ میں فائیو جی بھی استعمال کے قابل ہو، 600 میگاہرڈز اسپکٹرم کی آکشن کرنے جارہے ہیں، آئندہ چار سے چھ ماہ میں تمام عمل مکمل کیا جائے گا، کوشش ہے کہ فروری 2026 کے پہلے ہفتے میں آکشن مکمل کرلیں۔