گاڑیوں کی درآمد کے طریقہ کار میں ترامیم کی منظوری ، رہائش کی منتقلی اور تحفے کی سکیمیں برقرار‘ ڈیجیٹل اتھارٹی کیلئے فنی ضمنی گرانٹ بھی منظور
اسلام آباد(آن لائن)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ای سی سی نے گاڑیوں کی درآمد کے طریقہ کار میں ترامیم کی منظوری دی، صرف رہائش کی منتقلی اور تحفے کی اسکیموں کو برقرار رکھا۔پٹرولیم مصنوعات پر مارجن میں اضافے اورپاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی(پی ڈی اے)کے لیے 1.28 بلین روپے کی فنی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ای سی سی کا اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس ڈویژن میں ہوا۔ای سی سی نے بجلی کے شعبے میں مالیاتی استحکام اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ مالی سال 2025-26 کے لیے سرکلر ڈیبٹ مینجمنٹ پلان کا جائزہ لیا۔ ای سی سی نے پاور ڈویژن پر زور دیا کہ وہ فنانس ڈویژن کے ساتھ مل کر مالی امداد کو بتدریج کم کرنے کے لیے درمیانی مدت کا منصوبہ تیار کرے۔ اس نے پاور ڈویژن سے یہ بھی کہا کہ و ہ ڈسکوزکے ساتھ ایک فالو اپ میکانزم قائم کرے تاکہ حکومت کو مقرر کردہ اہداف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔وزارت تجارت کی سمری پر، ای سی سی نے گاڑیوں کی درآمد کے طریقہ کار میں ترامیم کی منظوری دی، صرف رہائش کی منتقلی اور تحفے کی اسکیموں کو برقرار رکھا۔ نظرثانی شدہ فریم ورک کے تحت کمرشل امپورٹ سیفٹی اور ماحولیاتی معیار ان اسکیموں پر لاگو ہوں گے، درمیانی درآمدی مدت کو دو سے تین سال تک بڑھایا جائے گا، اور درآمد شدہ گاڑیاں ایک سال تک ناقابل منتقلی رہیں گی۔