فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے حکومت نے پالیسی ڈائریکٹورجاری کردیا

 فروری کے وسط میں  نیلامی کی راہ ہموار ہو گئی  ،پی ٹی اے کو  شفاف اور مسابقتی نیلامی کرانے کی ہدایت  
کامیاب بولی دہندگان کو 15 سال کیلئے  نیا لائسنس جاری کیا جائیگا‘سپیکٹرم ٹریڈنگ اور شیئرنگ کی اجازت ہوگی
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی حکومت نے ملک میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کیلئے   اہم پیش رفت کرتے ہوئے پالیسی ڈائریکٹو جاری کر دیا ہے، جس کے بعد فروری کے وسط میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ پالیسی ڈائریکٹو کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )کو شفاف اور مسابقتی نیلامی کرانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔پالیسی کے مطابق اسپیکٹرم فیس پاکستانی روپے میں ادا کی جائے گی جبکہ ڈالر ریٹ لاک کیا جائے گا۔ فائیو جی اسپیکٹرم ٹیکنالوجی نیوٹرل ہوگا، یعنی کسی ایک مخصوص ٹیکنالوجی کی پابندی نہیں ہوگی اور نیلام شدہ اسپیکٹرم تمام موجودہ اور آئندہ آنے والی ٹیکنالوجیز کے لیے قابل استعمال ہوگا۔فائیو جی لائسنس کے تحت مرحلہ وار نیٹ ورک رول آٹ لازمی ہوگا، جس میں شہروں، سائٹس اور فائبر ٹو ٹاور اہداف شامل ہوں گے۔ صارفین کے لیے بہتر کوالٹی آف سروس کی شرائط بھی نافذ کی جائیں گی۔کامیاب بولی دہندگان کو 15 سال کے لیے نیا لائسنس جاری کیا جائے گا جبکہ اسپیکٹرم ٹریڈنگ اور شیئرنگ کی اجازت بھی لائسنس کا حصہ ہوگی۔وفاقی حکومت نے فروری کے وسط میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا ہدف مقرر کر رکھا ہے، جبکہ پالیسی ڈائریکٹو کے بعد پی ٹی اے انفارمیشن میمورنڈم جاری کرے گا۔