پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے آذربائیجان کے وفد نے ملاقات کی، جس کی سربراہی آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات میں ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی حالیہ کامیابیوں کا ذکر کیا اور مسلح افواج کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے آپریشنل اور تربیتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آذربائیجان کی فضائیہ کا ایک بڑا دستہ اس وقت پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس پر تربیت حاصل کر رہا ہے، اور ایئر چیف نے اس تعاون کی اہمیت پر بھی بات کی۔آذربائیجان کے وفد نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور تربیت حاصل کرنے والے فضائی عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں ممالک نے فضائی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، اور وفد نے پی اے ایف سائبر کمانڈ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں پی اے ایف کے جاری منصوبوں اور آپریشنل صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔آذربائیجان کے اس اعلی سطحی دفاعی وفد کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کرتا ہے۔